چھوٹے بچے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی تقلید کرتے ہیں۔
کھیلوں کی کئی ایک پیشہ ورانہ ٹیموں کو امید ہے کہ وہ اس حقیقت کو بچوں کو پڑھنے کی ترغیب دینے کے لیے استعمال کر سکتی ہیں۔ ہاتھ میں گیند پکڑ کر ملنے کی بجائے بہت سے نامور کھلاڑی کتابیں پڑھنے کے لیے چھوٹی عمر کے طلبا سے ملتے ہیں۔

بیس بال کی “واشنگٹن نیشنلز” نامی ٹیم نے اپنے شہر میں ہونے والے میچوں سے پہلے “سمر ریڈنگ سنڈیز” کے نام سے موسم گرما کے پڑھائی کے اتواروں کا ایک پروگرام سپانسر کیا ہوا ہے۔ اِس ٹیم کے باؤلر شان ڈو لٹل میچ شروع ہونے سے پہلے بچوں کو کتاب پڑھ کر سناتے ہیں.
اِس ٹیم کا نعرہ ہے کہ “کتاب پڑھنے والی ٹیم۔”
ڈو لٹل کہتے ہیں کہ “ہم سب کو علم ہے کہ بیس بال کے گراؤنڈ میں آنے کے لیے گرمیاں اچھی ہوتی ہیں۔ تاہم یہ کسی اچھی کتاب کے مطالعے میں گم ہوجانے کا بھی بہترین وقت ہوتا ہے۔”
ریان یاربرو بیس بال کی “ٹمپا بے ریز” نامی ٹیم کے باؤلر ہیں۔ اُنہیں بچپن میں اپنی والدہ کے ساتھ کتابیں پڑھنا اور والد کے ساتھ رسالے پڑھنا ابھی تک یاد ہے۔ اب وہ خود بال بچے دار ہوگئے ہیں۔
انہوں نے ٹمپا فری پریس کو بتایا کہ “جب میں بڑا ہو رہا تھا تو تب میرے والدین، خاص طور پر میری والدہ ہر رات سونے سے پہلے کتاب کا ایک باب پڑھا کرتی تھیں۔ اب ہم اپنی بیٹی کے ساتھ رات کو سونے سے پہلے کچھ نہ کچھ پڑھ لیتے ہیں۔”
یاربرو ٹیم کے “ریڈنگ ود دی ریز” نامی پروگرام کے ایک متحرک رکن ہیں۔ اس پروگرام کے تحت کھلاڑی نوجوان طلباء کے ساتھ ذاتی طور پر ملتے ہیں۔

فٹبال کے ریٹائرڈ پیشہ ور کھلاڑی، آندرے ریڈ نے 2010 میں ایک فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی جو بچوں کو روزانہ کم از کم 30 منٹ کا وقت نکال کر پڑھنے کی ترغیب دیتی ہے۔ ریڈ 1985 سے لے کر 1999 تک “بفلو بِلز” نامی ٹیم کے لیے کھیلتے رہے ہیں۔
ریڈ نے بتایا کہ “مجھے بچوں کو یہ بتانا بہت اچھا لگتا ہے کہ [پڑھنا] انتہائی اہم ہے کیونکہ علم طاقت ہے اور ہم تعلیم کے بغیر وہ کچھ نہیں کر سکتے جو ہم کرتے ہیں۔”
ایریزونا میں خواتین کی قومی باسکٹ بال ایسوسی ایشن (ڈبلیو این بی اے) کی تین بار چیمپئن رہنے والی ٹیم “فینکس مرکری” نے اس سال “ماریکوپا کاؤنٹی کے ریڈز سمر ریڈنگ پروگرام” میں شرکت کرنے والوں کے لیے ایریزونا میں ہونا والے میچ کے چار ٹکٹ مفت دیئے ہیں۔
Summer reading pays off, kids. Got these amazing fancy seats for reading 500 minutes through @maricopalibrary. Let’s go @PhoenixMercury!!!!!!!!!!! pic.twitter.com/ET13YPkKFq
— Jessica Swarner (@jessica_swarner) August 14, 2022
ٹیموں کے میسکوٹ کتابیں پڑھنے والوں کا حوصلہ بڑہاتے ہیں
ہیوسٹن میں مردوں اور عورتوں کی روائتی فٹبال کی ٹیموں یعنی “ہیوسٹن ڈائنمو ایف سی” اور “دا ہیوسٹن ڈیش” اور اُن کے “ڈیزل” نامی علامتی نشان [میسکوٹس] کے انسانی کرداروں نے مل کر اِس سال اکتوبر تک پانچ کتابیں پڑھنے والے ہر طالبعلم کو اپنے ہاں ہونے والے میچ کا ایک ایک ٹکٹ مفت دینے کا وعدہ کیا ہے۔ پہلی تین پوزیشنوں پر آنے والے اُن سکولوں کو مندرجہ ذیل انعامات دیئے جائیں گے جن کے طالبعلم سب سے زیادہ کتابیں پڑھیں گے:
- سٹیڈیم کا پس پردہ ٹور کرانا جہاں ٹیمیں کھیلتی ہیں اور 50 تک طالبعلموں کو پیزا پارٹی دینا۔
- میسکوٹ “ڈیزل” کے ہمراہ سکول اسمبلی کا انعقاد۔
- انفرادی نام والی جرسی جس کی پشت پر سکول کا نام لکھا ہوگا۔

این بی اے کی “ٹیم ڈیلاس میورِک” کے “ریڈنگ چیلنج” نامی پروگرا م کے تحت اُن طالبعلموں کو انعامات دیئے جاتے ہیں جو مسلسل 40 دن تک ہر روز 20 منٹ پڑھتے ہیں۔ ٹیم کا میسکوٹ سب سے زیادہ پڑھنے والے طالبعلم کی کلاس کا دورہ بھی کرتا ہے۔
این بی اے کی “منیسوٹا ٹمبر ولوز” نامی مردوں کی باسکٹ بال کی ٹیم نے گزشتہ برس “ریڈ ٹو اچیو” کے نام سے ایک پروگرام کو سپانسر کیا۔ اس پروگرام کے تحت نومبر اور دسمبر میں 500 منٹ پڑھنے والے طلباء کو انعامات دیئے گئے۔
ٹمبر وولز کے مشہور کھلاڑی، کارل-انتھونی ٹاؤنز نے ٹیم کے ہفتہ وار ویڈیو پیغامات میں سے ایک پیغام میں کہا کہ “پڑھنا ہمیشہ میری زندگی کا ایک اہم حصہ رہا ہے، اور مجھے امید ہے کہ یہ آپ کی زندگی کا بھی ایک بڑا حصہ بن سکتا ہے۔ تو آئیے پڑھنا شروع کریں۔”